affiliate marketing Famous Urdu Poetry: Ghazals by Tasleem Shahzadi Naz

Thursday, 21 May 2026

Ghazals by Tasleem Shahzadi Naz

نظم:

  محرمِ جاں (نئی کیفیت)

شاعرہ:  تسلیم شہزادی نازؔ

 

محرمِ جاں وہ ہے...

جو دل کی دیوار پر دستک نہیں دیتا،

صرف قربت سے بتا دیتا ہے کہ وہ آ چکا ہے...

 

وہ جو تمہاری لہجے میں

اونچ نیچ نہ ڈھونڈے،

بس ایک خاموش لمس سے

تسلی رکھ دے کہ "میں ہوں، گھبرانا نہیں"...

 

محرمِ جاں وہ ہوتا ہے

جو تمہاری ہنسی کے پیچھے چھپے

بےآواز دکھوں کو بھی سن لیتا ہے...

 

وہ جو تمہاری نم پلکوں کو

کسی سوال کے بغیر

اپنی ہتھیلی میں چھپا لے...

 

وہ جو قدموں میں بکھرے

تمہارے ٹوٹے خوابوں کو

اٹھا کر آنکھوں میں بسا کر عزت دے،

اور پھر آہستہ سے کہے:

"چلو، ہم انہیں دوبارہ جوڑیں گے"...

 

محرمِ جاں وہ ہے

جس کے ساتھ چلتے ہوئے

فاصلوں کا حساب بدل جاتا ہے،

ایک ہاتھ پکڑنے سے

دنیا کے شہر چھوٹے پڑ جاتے ہیں...

 

وہ جو تمہارے دل کے راز

اپنی روح میں رکھ لے،

ایسے کہ تم بھی بھول جاؤ

کہ کبھی کچھ چھپا تھا...

 

محرمِ جاں وہ ہوتا ہے نازؔ…

جو صرف محبت نہیں دیتا

بلکہ

خود محبت بن جاتا ہے.....!!!!

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

نظم: 

 محرمِ جاں

(میرے شوہر غلام قدیر کے نام)

شاعرہ:  تسلیم شہزادی نازؔ

 

محرمِ جاں…

وہ جو دل کی دراڑوں میں اتر کر

زخموں کو جانتا بھی ہے

اور چھپاتا بھی ہے...

وہ جسے نظر کے اشارے سے

دل کا بھید سمجھ آجائے،

جسے لفظوں کی گواہی درکار نہ ہو...

محرمِ جاں وہ ہے،

جو تھکن سے بوجھل پلکوں کو

اپنی دعا سے سہارا دے،

جس کی آہٹ سے روح میں چین اترے...

وہ جس کے سامنے

دل اپنا لباسِ ہچکچاہٹ اتار دے،

اور ننگے خوف بھی محفوظ رہیں...

محرمِ جاں…

وہ جو تمہاری خاموشیوں کو

اپنے سینے میں تھام لے،

اور ہر دکھ کو مسکراہٹ کی

نرم چادر اوڑھا دے...

وہ جو تمہیں تم سے زیادہ جان لے،

جس کے قریب آ کر

دل کا شور بھی عبادت بن جائے...

وہ جس کی محبت

لمحوں کی بھوک نہیں،

عمروں کی سچائی ہوتی ہے...

محرمِ جاں…

وہ جس کا ہاتھ چھوٹ جائے

تو دنیا رہتی ہے،

مگر زندگی نہیں رہتی...

اور اگر ایسا کوئی مل جائے نازؔ ،

تو سمجھ لو رب نے تمہیں

بہترین نعمت سے نواز دیا ہے...!!!

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

 

شاعرہ: 

تسلیم شہزادی نازؔ

نظم:

 قُربتِ لمس

 

قُربتِ لمس… یہ کوئی لمحہ نہیں، ایک کائنات ہے.

جہاں لفظوں کی ضرورت نہیں پڑتی،

جہاں سانسیں ہی بات کرتی ہیں،

جہاں خاموشی بھی دھڑکنوں کی زبان سمجھتی ہے...

 

جب تم نے پہلی بار میرا ہاتھ تھاما تھا،

میرے اندر کوئی گہرا سمندر جاگ اٹھا تھا،

جیسے لہریں دل کے کناروں کو چومتی چلی جائیں...

 

تُمہارے چھو لینے سے

میری جِلد پر نہیں،

میری رُوح پر نقش بن گئے تھے...

 

قُربتِ لمس نے وہ سب کہہ دیا

جو میں برسوں سے کہنا چاہتی تھی

مگر ہمت نہ کر پائی تھی...

 

تمہارے ہاتھ کی حرارت

میرے تنہا موسموں کو

اک خوبصورت بہار کا تحفہ دے گئی...

 

تمہارے بازوؤں کی پناہ میں

دنیا چھوٹی لگنے لگی،

اور وقت رک سا گیا

جیسے لمحہ خود میری مرضی کا ہو گیا ہو...

 

قُربتِ لمس نے میری سانسوں میں

پھول کھلا دیے،

میرے لفظوں میں شبنم بھر دی،

میری سوچوں میں نرمی اُتار دی...

 

جب تم قریب ہوتے ہو

تو فاصلوں کی دنیا مر جاتی ہے،

صرف تم رہتے ہو

اور میری دھڑکن...

 

قُربتِ لمس…

یہ وہ مقام ہے

جہاں دو وجود نہیں رہتے

بلکہ

دو روحیں ایک دوسرے میں سمٹ جاتی ہیں...

 

بس ایک لمس نازؔ…

اور دل پوری کہانی لکھ دیتا ہے.....!!!!!

٭٭٭٭٭٭٭٭٭

شاعرہ:

 تسلیم شہزادی نازؔ

نظم:  ہم ساتھ ہوتے اگر

 

 

ہم ساتھ ہوتے اگر

تو شامیں یوں اداس نہ ہوتیں

ہوا بھی تیرے نام کی خوشبو لیے پھرتی

اور چاند رات بھر

ہماری باتیں سنتا رہتا...

 

ہم ساتھ ہوتے اگر

تو بارشیں فقط پانی نہ ہوتیں

ہر بوند میں ایک خواب اترتا

ہر راستہ محبت سے بھر جاتا

اور دل کو کسی دعا کی کمی نہ رہتی...

 

ہم ساتھ ہوتے اگر

تو میں تیرے دکھ اپنی ہنسی میں چھپا لیتی

تو میری خاموشی کو بھی پڑھ لیتا

ہم دونوں لفظوں سے نہیں

احساس سے بات کیا کرتے...

 

ہم ساتھ ہوتے اگر

تو وقت بھی ٹھہرنے کی ضد کرتا

دن تیرے لمس کی روشنی میں گزرتے

رات تیری یاد میں نہیں

بلکہ

تیری موجودگی میں ڈھلتی...

 

اے نازؔ! ہم ساتھ ہوتے اگر

تو شاید دنیا ویسی نہ رہتی

ایک چھوٹا سا گھر ہوتا

چند خواب ہوتے

اور ان خوابوں میں

صرف تم اور میں ہوتے.....!!!!!

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

No comments:

Post a Comment