affiliate marketing Famous Urdu Poetry: Lafz Poetry
Showing posts with label Lafz Poetry. Show all posts
Showing posts with label Lafz Poetry. Show all posts

Saturday, 19 March 2016

عشق عشق




اس بار تو دل کی بازی میں اے جانِ جاں سب ہار دیا
زر ہار دیا، سر ہار دیا، ظاہر پنہاں سب ہار دیا
جب عشقِ حقیقی نے دل کے دروازے پر آ دستک دی
جاں سحر زدہ سی اُٹھ بیٹھی، جو کچھ تھا جہاں سب ہار دیا
تھیں وصل کی راہیں تنگ بہت سو بھاری گٹھر پھینک دیئے
دنیا کی ہوس،دنیا کی متاع اک بارِ گراں سب ہار دیا
جب عشق نے پوچھا چپکے سے چلنا ہے تو چل اب دیر نہ کر
میں ننگے پائوں دوڑ پڑی، پوچھا نہ کہاں، سب ہار دیا
اب تیرے در پر رونا ہی اس دل کو تسلی دیتا ہے
وہ رونق میلے دنیا کے، وہ عشقِ بتاں سب ہار دیا
ہو عشق بھی اور خوداری بھی، دنیا کی متاع ہو پیاری بھی
یہ بات نہیں اک عاشق کے شایانِ شاں،سب ہار دیا
جب ہم بھی ترے اور جاں بھی تری، پھر بھائو تائو ٹھیک نہیں
اور عشق کوئی بیوپار نہیں، سو سُود و زیاں سب ہار دیا
کچھ پھندے تھے مضبوط بہت اور دل کو جکڑے رکھتے تھے
اب رشتے ناطے دنیا کے اک وہم و گماں ،سب ہار دیا
اللہ کی طلب کے دعوئوں میں لفاظی ایک ’فضولی‘ ہے
تصدیق عمل سے کی جس نے کھولی نہ زباں سب ہار دیا
اک آن سے اس نے پوچھا تھا کیا ہار کی بازی کھیلو گی؟
میں نعرہ مار کے بول اٹھی، ہاں ہاں مری جاں سب ہار دیا
لہجے کی کھنک،لفظوں کی چمک، سب گذرے دور کا قصہ ہے
وہ تانا شاہی ،ناز و ادا، وہ شوکت و شاں سب ہار دیا
وہ دن بھی عرشی بیت گئے، جب طرزِ بیاں میں جادو تھا
اب لفظ ہیں گونگے، ہونٹوں پر نہ ہوں نہ ہاں سب ہار دیا
- ارشاد عرشی ملک

Saturday, 3 October 2015

کسی پر نظم لکھنے سے


کسی پر نظم لکھنے سے

کوئی مِل تو نہیں جاتا

کوئی تعریف

بانہوں کے برابر تو نہیں ھوتی

کسی آواز کے پاوں

کبھی دل پر نہیں چلتے

کبھی کشکول میں

قوس و قزح اُتری نہیں دیکھی

صحیفہ رِحل پر رکھنے سے

قرآں تو نہیں بنتا

کسی نے آج تک

شاعر کے آنسو

خود نہیں پونچھے

دلاسہ ، لفظ کی حد تک ھی اپنا کام کرتا ھے

کسی خواھش کو

سینے سے لگانے

کی اجازت تک نہیں ھوتی

تمھاری ضد کو پُورا کر دیا دیکھو

ستارے ، چاند، سُورج ، روشنی، خوشبو،

تمھارے دَر پہ کیا کیا دھر دیا دیکھو

 گُلِ فردا !!
ابھی کِھل جاو ! کہنے سے


کوئی کِھل تو نہیں جاتا

کسی پر نظم لکھنے سے

کوئی مِل تو نہیں جاتا