affiliate marketing Famous Urdu Poetry: Yaad
Showing posts with label Yaad. Show all posts
Showing posts with label Yaad. Show all posts

Wednesday, 19 July 2017

Yaad by Saria Chaudhary

اب کے دل میں
اک قبرستان بنا ڈالا ھے
جب بھی تیری یاد آئے گی
چپکے سے دفنا آئیں گے
ساریہ چوہدری



Thursday, 26 May 2016

اک دیا دل میں جلانا بھی بجھا بھی دینا

اک دیا دل میں جلانا بھی بجھا بھی دینا

یاد کرنا بھی اسے روز بھلا بھی دینا


خط بھی لکھنا اسے مایوس بھی رہنا اس سے

جرم کرنا بھی مگر خود کو سزا بھی دینا


مجھ کو رسموں کا تکلف بھی گوارہ لیکن

جی میں‌آئے تو یہ دیوار گرا بھی دینا


کیا کہوں یہ مری چاہت ہے کہ نفرت اس کی

نام لکھنا بھی مرا لکھ کے مٹا بھی دینا


صورت نقش قدم دشت میں رہنا محسن

اپنے ہونے سے نہ ہونے کا پتہ بھی دینا

Saturday, 26 March 2016

زندگی کی کتاب


میری زندگی کی کتاب میں
میرے روز و شب کے حساب میں
تیرا نام جتنے صفحوں پہ ہے
تیری یاد جتنی شبوں میں ہے
وہی چند صفحے ہیں متاعِ جان
اُنہی رتجگوں کا شمار ہے

Saturday, 19 March 2016

یُوں تِری یاد


یُوں تِری یاد، دِل میں اُتری ہے
جیسے جُگنو ہَوا میں کھو جائے

جیسے"روہی" کے سرد ٹیلوں میں
اِک مُسافر کو رات ہو جائے

تیرا حُسن ہو۔۔۔۔ میرا عشق ہو۔۔۔

تیرا حُسن ہو۔۔۔۔
میرا عشق ہو۔۔۔
تو پھر حُسن و عشق کی بات ہو۔۔۔
کبھی میں ملوں کبھی تُو ملے ۔۔۔
کبھی ہم ملیں ملاقات ہو ۔۔۔
کبھی تُو چُپ کبھی میں ہوں چُپ ۔۔۔
کبھی دونوں ہم چُپ چاپ ہوں ۔
کبھی گُفتگو کبھی تذکرے ۔۔۔
کوئی ذکر ہو کوئی بات ہو ۔۔۔
کبھی وصل ہو تو دن کو ہو ۔۔۔
کبھی ہجر ہو تو وہ رات ہو ۔۔۔
کبھی میں تیرا کبھی تُو میری ۔۔۔
کبھی ایک دوجے کے ہم رہیں۔۔۔
کبھی ساتھ میں کبھی ساتھ تُو ۔۔۔
کبھی ایک دوجے کا ساتھ ہو ۔۔۔
کبھی صحبتیں کبھی رنجشیں ۔۔۔
کبھی دُوریاں کبھی قُربتیں ۔۔۔
کبھی اُلفتیں کبھی نفرتیں ۔۔۔
کبھی جیت ہو کبھی مات ہو ۔۔۔
کبھی پُھول ہو کبھی دُھول ہو ۔۔۔
کبھی یاد ہو کبھی بھول ہو ۔۔۔
نہ نشیب ہوں نہ فراز ہوں ۔۔۔
نہ ہی نچہ ہو نہ ہی جات ہو ۔۔۔
رہیں مُسکُراتے پیار میں ۔۔۔
کھلیں پھول بن کے بہار میں ۔۔۔
نہ زمیں کوئی نہ فلک کوئی ۔۔۔
نہ وجود ہو نہ ہی ذات ہو ۔۔۔
صرف ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تیرا حُسن ہو۔۔۔۔۔۔۔۔
میرا عشق ہو ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
میری آنکھ ہو ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تیری ذات ہو ۔۔۔۔

رفاقت

رفاقت چار دن کی ہو
رفاقت عمر بھر کی ہو
فقط احساس بچتا ہے !
یہی احساس سب کچھ ہے
کسی کا نام لینے سے
کسی کو یاد کرنے سے
عجب اک لہر سی سارے بدن میں پھیل جاتی ہے
جو منظر سامنے ہوتا ہے
وہ منظر نہیں رہتا
ہر اک شے جیسے رک جاتی ہے
رستہ چھوڑ دیتی ہے
نیا منظر ابھرتا ہے
جو ماہ و سال گزرے ہیں
وہ لمحوں میں سمٹ کر
روح کی بے انت وادی میں
تخیل کو نئے انداز میں مہمیز کرتے ہیں
عجب ہلچل مچاتے ہیں
گئی رت کے تقاضے روح کو بے چین رکھتے ہیں
یہ کیا ہے؟
کیوں ہے،کیسے ہے ؟
کسی کو کچھ نہیں معلوم
..

Sunday, 1 November 2015

دعا

سنو جاناں!
مجھے سب یاد ہے اب بھی
مجھے تم نے کہا تھا ناں!!!
"میری خاطر دعا کرنا,
مجھے دل میں, طبیعت میں,
درشتی اور سختی سی,
ذرا محسوس ہوتی ہے,
دعا کرنا میرے رب سے,
کہ وہ مجھ کو طبیعت میں,
اور اس دل میں,
ذرا نرمی عطا کر دے,
میرا دل موم سا کر دے,
مجھے دل, درد مند دے دے....!"
گواہ ساری خدائی ہے,
کہ اس لمحے سے لے کر آج تک
میرے جب ہاتھ اٹھے ہیں
کبھی جب بھی دعا مانگی,
میں سب کچھ بھول کر,
بس ایک جملہ دہراتی ہوں,
کہ" میرا اللہ!
تمہارے دل سے ساری سختیاں لے لے,
تمہیں دل موم سا دے دے,
تمہارا دل نرم کر دے..."
(آمین)
مگر دیکھو,
نہ جانے کن گناہوں کی سزا مجھ کو ملی ہے یوں..
کہ پچھلی ہر دعا کے ساتھ
میری یہ دعا بھی بارگاہ رب نے رد کردی,
وہی سختی ,
تمہارے دل میں کس شدت سے در آئی,
وہی سختی,
میری ہستی پہ تم نے خود آزمائی..
میری ہر آہ, سسکی اور صدا,
خود تم نے ٹھکرائی,....!
دعا کا یہ ثمر پا کر,مجھے اب خوف آتا ہے..
کہ میں اب زندگی بھر, اور کوئی بھی دعا,
شاید نہ کر پاؤں

Monday, 26 October 2015

یاد

چناب ... تجھ کو یاد ہے.. ؟؟
کہ تیرے ساحلوں کی نرم ریت پر،
ہوئی تھیں مہرباں وہ انگلیاں ۔ ۔ ۔
انھی کی ایک پور نے جو رقص عشق میں کیا،
اک اسم پھر امر ہوا ۔ ۔ ۔
چناب ... تیری ریت پر ..
وہ اسم اب کہیں نہیں ۔۔۔
بتا ! وہ ہاتھ کیا ہوۓ.. ؟؟
وہ نقش سب ہوا ہوۓ
وہ خواب سب دھواں ہوۓ
نہیں نہیں، یہ جھوٹ ہے.. 
یہ خواب ہے عجیب سا
ابھی بھی کچھ نہیں گیا
میں چاہتا ہوں آنکھ جب کھلے تو
نرم ریت پر میرا ہی ایک نام ہو ...