affiliate marketing Famous Urdu Poetry: تمہیں میں کِس طرح بھولوں

Sunday 1 November 2015

تمہیں میں کِس طرح بھولوں

تمہیں میں کِس طرح بھولوں
بتاؤ کوئی نُسخہ ہے
مجھے تم یہ تو بتلاؤ کہ کیا تم کوئی منظر ہو
کہ جس کو دیکھ کر،میں اگلے پل میں بھول جاؤں گا
یا تم کوئی کہانی ہو
جسے پڑھ کر میں کچھ ہی دیر میں سب بھول جاؤں گا
یا تم کوئی کھلونا ہو
کہ جس کے ٹوٹ جانے پر میں اُس کو پھینک ڈالوں گا
یا تم کوئی تماشا ہو
جسے کچھ دیر رُک کر، دیکھ کر، میں اپنی راہ لوں گا
بتاؤ؟؟ اب کے چُپ کیوں ہو
کوئی نُسخہ تو ہو گا نا؟؟ کوئی تعویز بھی ہو گا
کوئی ترکیب تو ہو گی؟؟ کوئی تجویز ہی دے دو
ارے اب کچھ تو بتلاؤ اگر تم نے کہا ہے کہ "مجھے اب بھول جاؤ تم
مری جاں! بھول جاؤں گا ، مگر کیسے؟؟ یہ بتلاؤ
مرے محبوب....
بس کر دو ...
 ہنسی آتی ہے اب مجھ کو
تمہاری ایسی سوچوں پر،یہ اِن بچگانہ باتوں پر
سنو.....
ایسا نہیں ہوتا، تعلق ٹوٹ جانے پر کوئی بھولا نہیں کرتا
تمہیں جانا ہے ، تو جاؤ
میں رستے میں پڑا ہوں کیا
تمہیں اِک لفظ بولا ہو؟؟
کوئی شکوہ کیا میں نے؟؟
کوئی آنسو بہایا ہو؟؟
 کوئی دکھڑا سُنایا ہو؟؟
تمہیں رُکنے کا بولا ہو؟؟ کوئی تفصیل مانگی ہو؟؟
اگر ایسا نہیں کچھ بھی، تو پھر تم کیوں بضد ہو کہ تمہیں میں بھول ہی جاؤں؟؟
تمہیں جانا ہے نا؟؟؟... جاؤ
تمہاری یاد ہو،کچھ بھی ہو، تم آزاد ہو....جاؤ
تمہیں اِس سے نہیں مطلب....
 غلط فہمی تھی یا اُلفت
یہ میرا دردِ سر ہے، دردِ دِل ہے ، جو بھی ہے ، جاؤ
تمہارا کام تھا، تم نے محبت کی، بہت اچھے
یہ میرا کام ہے، میں یاد رکھوں یا بھُلا ڈالوں...
عجب باتیں ہیں دُنیا کی، عجب رسمیں ہیں اُلفت کی
محبت کر تو لیتے ہیں، نبھانا بھول جاتے ہیں
کسی دِن چھوڑ جائیں گے، بتانا بھول جاتے ہیں
مجھے اب کچھ نہیں سُننا، مجھے کچھ بھی نہ بتلاؤ
مجھے تم مشورے مت دو.....
کہ میں نے کیسے جینا ہے
اگر تم بھولنے کا گُر مجھے بتلا نہیں سکتے ،
تو پھر کچھ بھی نہ بتلاؤ
چلے جاؤ...
چلے جاؤ.....!
کبھی نہ لوٹ کر آنے کو تم.... جاؤ....... چلے جاؤ

No comments:

Post a Comment