affiliate marketing Famous Urdu Poetry: "حروف "

Thursday 14 April 2016

"حروف "

"حروف "
بناوٹ ہے عجب انکی
الگ ہیں۔۔۔ ایک دوجے سے
مگر یہ جُڑ کے رہتے ہیں،
یہ بے ترتیب ہو کر بھی
مکمل خط بناتے ہیں،
کبھی تو روٹھ جاتے ہیں،
پکڑ میں ہی نہیں آتے
یہ جب میری نہیں سنتے
بہت الجھن سی ہوتی ہے،
یہ کچھ ضدی سے بچے ہیں!!!
مگر۔۔۔۔ میں اس سے پہلے کہ
انہیں قابو میں کرنے کو
قلم اپنا اٹھاؤں تو
یہ اپنے ہاتھ باندھے۔۔۔ سب
بہت ہی با ادب ہو کر
حقوقِ ملکیت اپنے۔۔

 مجھی کو سونپ دیتے ہیں
 میری سوچوں سے کاغذ پر
حسیں منظر بناتے ہیں
بہت ہی پیار آتا ہے،
مجھے ان سارے حرفوں پر
یہ بے ترتیب ہو کر بھی
بہت ایمانداری سے۔۔۔

بہت سچائی سے میرے سبھی بے نام جذبوں کی
صحیح سے ترجمانی کا
ادا کرتے ہیں حق پورا،
مگر بدلے میں مجھ سے بس
یہ اک فریاد کرتے ہیں،
ہمیں نہ رائیگاں کرنا
ہمیں رسوا نہیں کرنا
کسی کے نام کرنے سے
قبل یہ سوچ لینا تم
بہت ہی قیمتی ہیں ہم
ہمیں ضائع نہیں کرنا
ہمیں ضائع نہیں کرنا
-
مناہل ؔ فاروقی

No comments:

Post a Comment