affiliate marketing Famous Urdu Poetry: تمام شب یُونہی دیکھیں گی سُوئے در آنکھیں

Monday 2 May 2016

تمام شب یُونہی دیکھیں گی سُوئے در آنکھیں


تمام شب یُونہی دیکھیں گی سُوئے در آنکھیں
تجھے گنوا کے نہ سوئیں گی عمر بھر آنکھیں

 

طلوعِ صبح سے پہلے ہی بجھ نہ جائیں کہیں

 یہ دشتِ شب میں ستاروں کی ہمسفر آنکھیں

 

ستم یہ کم تو نہیں دلگرفتگی کے لیے !
میں شہر بھر میں اکیلا، اِدھر اُدھر آنکھیں

 

شمار اُسکی سخاوت کا کیا کریں کہ وہ شخص
چراغ بانٹتا پھرِتا ہے چھین کر آنکھیں

 

وہ پاس تھا تو زمانے کو دیکھتی ہی نہ تھیں
بچھڑ گیا تو ہُوئیں پھر سے در بدر آنکھیں

 

ابھی کہاں تجھے پہچاننے کی ضد کیجئے!
ابھی تو خود سے بھی ٹھہری ہیں بےخبر آنکھیں

 

میں اپنے اشک بچاؤں گا کس طرح محسن ؟
زمانہ سنگ بکف ہے تو شیشہ گر انکھیں

No comments:

Post a Comment